احساس پروگرام اورہیلتھ کارڈزمیں اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا:عامرڈوگر 

ملتان (  نیوز رپورٹر )آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملتان کے اخبار فروش رہنماؤں کے ایک وفد کے ہمراہ چیف و ہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ملتان اخبار فروشوں کے رہنما معاون خصوصی شیخ صلا ح الدین، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اترا ،سینئر رہنما ملک مسعودالحسن مٹھو شامل تھے۔  ٹکا خان نے ملک عامر ڈوگر کے ساتھ ملاقات میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو احساس پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ ٹکا خان نے قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر کو بتایا کہ کرونا کی وجہ سے جہاں تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں وہاں اخبار فروش بھی شدید مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ اخبار فروشوں کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں ہم نے متاثرہ اخبار فروشوں کی ایک لسٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی خاص عمل درآمد نہیں ہوا۔ ٹکا خان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک بھر کے اخبار فروشوں کو نہ صرف احساس پروگرام میں شامل کیا جائے بلکہ ان کو فوری طور پر مالی تعاون کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ ز بھی جاری کئے جائیں۔ ملک عامر ڈوگر نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کروائی جائے گی۔ احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈز میں بھی اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا۔ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ بلا شبہ ٹکا خان مزدوروں کے رہنما اور اخبار فروشوں کے حقوق کے علمبردارہیں۔ ملک عامر ڈوگر نے شیخ صلاح الدین، ملک عرفان اترا ،ملک مسعود الحسن کو ملتان کے اخبار فروشوں کے لیے خدمات کو سراہا اور یقین دلایاکہ صحافی کالونی کی طرز پر ملتان کے اخبار فروش بھائیوں کے لئے بھی وزیر اعلی پنجاب سے مل کر اخبار فروش کالونی کے لئے جدوجہد کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن