ایس ای سی پی کا ٹریڈنگ سسٹم میں خرابی کا نوٹس

Oct 28, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر)سیکوریٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے اسٹاک ایکسچینج میں نئے ٹریڈنگ سسٹم میں مسائل پر سخت نوٹس لے لیا ۔پاکستان اسٹاک بروکرز ایسو سی ایشن نے چئیرمین ایس ای سی پی عامر خان کو خط میں نئے ٹریڈنگ سسٹم میں درپیش مسائل سے آگاہ کردیا اور اپنے اس خط میں پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے پرانے کیٹس سسٹم کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کردیا ذرائع ایس ای سی پی کے مطابق  پاکستان اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کو نئے ٹریڈنگ سسٹم کے حوالے سے بروکرز ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لینے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ ایس ای سی پی نے پہلے ہی ہدایت دی تھی کہ نیا ٹریڈنگ سسٹم تمام مسائل حل کرکے لائونچ کیا جائے ۔ایس ای سی پی کی ٹیم جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ بھی کرے گی ۔پاکستان اسٹاک بروکرز ایسو سی ایشن نے اپنے خط میںپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ٹریڈنگ سسٹم کے حوالے سے شدید تحفظات ظاہر کئے ہیں اور کہا ہے کہ پوری دنیا میں سرمایہ کار مختلف ٹریڈنگ پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں، اسٹاک بروکرز نے اسٹاک انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کیا ،نئے ٹریڈنگ سسٹم لانے سے پہلے 18 موک ٹریڈنگ سیشن کئے گئے، اس دوران نئے سسٹم کے استعمال میں کچھ غلطیاں اور دیگر مسائل بھی سامنے آئے تھے، اب نیا سسٹم پاکستان اسٹاک میں لائونچ کردیا گیا ہے لیکن اس کی خامیاں اب تک دور نہیں کی جاسکیں۔

مزیدخبریں