لاہور (بی بی سی) افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت نے پاکستان میں افغان سفارت خانے سمیت تینوں افغان قونصل خانوں میں سفارت کار تعینات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان چار میں سے تین سفارت کاروں نے اپنے کام کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے اور دو دیگر قونصل خانوں میں ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ تعیناتیاں ’فرسٹ سیکرٹریز‘ کی حیثیت سے ہوئی ہیں۔ بی بی سی کو موصول ہونے والی معلومات اور افغان وزارت خارجہ کی جانب سے 20 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق طالبان حکومت نے سردار احمد شکیب کو اسلام آباد میں افغان سفارتخانے جبکہ حافظ محب اللہ شاکر، گل حسن ابو محمد اور عباس خان محمد کو بالترتیب پشاور، کوئٹہ اور کراچی کے افغان قونصل خانوں میں فرسٹ سیکرٹریز کی حیثیت سے تعینات کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے بارے میں جب پاکستان اور طالبان حکومت کے وزارت خارجہ کے ترجمانوں سے پوچھا گیا تو دونوں نے بی بی سی کو کوئی جواب نہیں دیا۔ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق نئے آنے والے سفارتکار سردار احمد شکیب نے پیر 25 اکتوبر سے کام کیا آغاز کیا۔ کوئٹہ میں افغان قونصل خانے کے ذرائع کے مطابق وہاں منگل 26 اکتوبر کو گل حسن ابو محمد نے کام کا آغاز کیا۔ پشاور میں افغان قونصل خانے کے ذرائع کے مطابق وہاں نئے سفارتکار حافظ محب اللہ شاکر کیلئے تقریب کا اہتمام 27 اکتوبر کو کیا گیا۔ یہ سفارتکار فرسٹ سیکرٹریز کی حیثیت سے تعینات ہوئے ہیں۔