اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ کانفرنس میں خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ فورم کے شرکا نے خطے میں ابھرتی ہوئی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور غیر قانونی بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ نیول چیف نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کی مسلسل نگرانی کو سراہا۔