بلدیاتی الیکشن ملتوی کئے جائیں‘ مشکوک فہرستوں پر انتخابات کا کیا مقصد: فضل الرحمن

Oct 28, 2021

اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں، ورنہ ہم بائیکاٹ کرینگے۔ بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے، آئینی و قانونی ماہرین سے مشورہ کر کے آگے بڑھیں گے۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس بارے پی ڈی ایم جماعتوں سے میری مشاورت ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اقدام پر ردعمل دینا چاہتے ہیں۔ ہمارا واضح پیغام ہے کہ ہم دوہزار اٹھارہ کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے جو حکومت خود دھاندلی کی پیدوار ہو اس کی نگرانی میں بلدیاتی انتخابات کیسے ہوسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی نگرانی کے باوجود سرکار پھر بھی مشینری استعمال کر سکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ جب الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ کی تصدیق کا کہہ رہا ہے تو پھر مشکوک انتخابی فہرستوں الیکشن کرانے کا کیا معنی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں۔ کوئی راستہ نہ ہوا تو بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔ فضل الرحمن نے کہا کہ ٹی ایل پی کا جمہوری حق ہے وہ اپنا احتجاج کریںٹی ایل پی پر انتہائی ظالمانہ تشدد کیا۔خود پی ٹی آئی 126 دن تک احتجاج کرتے رہے اور ان کو اجازت نہیں جب ٹی ایل پی کا مظاہرہ نوازشریف کے خلاف تھا اس وقت سب ٹھیک تھا۔ ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہ کرنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن سے مشاورت کے بعد ہی یہ پریس کانفرنس کررہا ہوں۔ دریں اثناء وفود سے باتیں کرتے ہوئے  فضل الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کو 71 سال سے زائد عرصہ ہونے کو ہے باجود بھارتی ظلم ستم کے کشمیری حریت پسندوں کی تحریک جاری ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کی منزل زیادہ دور نہیں ، کشمیری عوام بہت جلد ظلم وستم کے اندھیروں سے نجات پاکر آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔ مر کزی میڈیا آفس کے مطابق وہ پارٹی رہنمائوں حاجی اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان، محمد اسلم غوری، مفتی ابرار احمد، عبدالرزاق عابد لاکھو اور مختلف جماعتی وفود سے گفتگو کررہے تھے۔

مزیدخبریں