اسلام آباد (خبرنگار) اسلامی نظریہ کونسل نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے معیار مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ اجلاس میں رحمۃ للعالمین اتھارٹی کے قیام سے متعلق قرارداد پربحث ہوئی۔ اجلا س کے دوران 12ربیع الاول پر ملتان میں خاتون کو حور کے طور پر پیش کرنے پر ممبران نے اظہار برہمی کیا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ اسلام میں اس طرح خواتین کو حور بنا کر پیش کرنا انتہائی غلط اقدام ہے، مذہبی رسومات میں بازاری طرز کے اقدامات کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ کونسل نے نعت خوانی، مرثیہ، قصیدہ اور نوحوں کو گانے کی طرز پر پیش کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے مذہبی رسومات اور مذہبی عقائد کی ادائیگی کے موقع پر ایک معیار مقرر کرنے کی تجویز دی۔دریں اثناء اسلامی نظریاتی کونسل نے زیادتی کے مجرم کو نامرد بنانے کی سزا غیر اسلامی قرار دیدی۔ اسلامی نظریہ کونسل کے 225 ویں دو روزہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے زیادتی کے مجرم کو دیگر سزائیں دینے کی تجویز دیدی۔ کونسل نے رویت ہلال پر قانون سازی کے بل کی تائید کر دی۔ عربی زبان کی تدریس کیلئے اقدامات کرنا دینی آئینی تقاضا ہے۔ علماء مساجد میں ماحولیات اور درس میں اسلامی تعلیمات بیان کریں۔