جسٹس فا ئز کی شکایت، پی ٹی آئی ایم این اے اکرم چیمہ تھانے منتقل

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی رپورٹر+نامہ نگار) تھانہ سیکرٹریٹ نے اے ایس آئی زاہد حسین کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ قاضی کی جانب سے قومی اسمبلی کے وی آئی پی گیٹ پر کالے رنگ کے ڈالے کی نشاندہی کرنے، اسے پولیس کی جانب سے روک کر چیک نہ کرنے اور گاڑی تھانے منتقل کرانے کے معاملے کا استغاثہ درج کر لیا۔ جس میں کہا گیا کہ جسٹس صاحب پیدل تشریف لائے اور پوچھا کہ کالے رنگ کیڈالا نمبرKW. 375 جو اندر گیا ہے اسے تم نے روک کر چیک کیوں نہیں کیا۔ پولیس نے اس دوران ایم این اے اکرم چیمہ کو گاڑی سمیت تھانے پہنچایا، اکرم چیمہ کی گاڑی کا ٹریفک پولیس نے چالان بھی کر دیا۔ جبکہ ایم این اے نے کہا کہ میری گاڑی قانونی ہے۔ جس کا کسٹم پیڈ ہے۔ بعدازاں پولیس نے محمد اکرم چیمہ کو تھانے سے جانے کی اجازت دے دی۔ اس موقع پر ایم این اے محمد اکرم چیمہ نے کہا کہ میں سوا نو بجے  پارلیمنٹ لاجز سے باہر نکلا ایک صاحب نے کہا کہ آپ شکل سے دہشت گرد لگتے ہیں اور آپ کی گاڑی کی نمبر پلیٹ دو نمبر ہے۔ جب میں اسمبلی کے گیٹ سے باہر نکلا تو پولیس والے  مجھے تھانے  لے گئے۔ اکرم بشیر چیمہ نے کہا کہ میں نے سپیکر کو اپنی کاپی دی ہیمجھے ابھی تک گاڑی کی نمبر پلیٹ ایشو نہیں ہوئی مجھے گاڑی لیے دوسال ہوگئے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پیش آنے والے واقعہ پر کہنا ہے کہ میں نے کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا صرف مشکوک گاڑی دیکھ کر چیک کرنے کا بولا تھا۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا میں حکم عدالت میں دیتا ہوں راہ چلتے نہیں، روزانہ پیدل سپریم کورٹ آتا ہوں صبح پارلیمنٹ کے سامنے فٹ پاتھ پر مشکوک گاڑی سامنے آئی، مجھے نہیں معلوم گاڑی میں کون تھا۔ پولیس سے گاڑی سے متعلق پوچھا، جس پر گاڑی میں بیٹھے شخص نے سخت زبان استعمال کی اور گاڑی پارلیمنٹ میں لے گیا۔ جسٹس عیسی نے کہا پارلیمنٹ کے گیٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کو گاڑی چیک کرنے کا کہا، تاہم گاڑی نے پارلیمنٹ سے واپس آکر پھر میرا راستہ روکا۔ گاڑی میں موجود نامعلوم نے پھر برا بھلا کہا مگر میں خاموش رہا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا غیر قانونی نمبر پلیٹ دیکھ کر پولیس کو صرف گاڑی چیک کرنے کا کہا، لاقانونیت پر میں اپنے ڈرائیور کا بھی چالان کروا دیتا ہوں۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے راہداری سے گزرتے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی، اکرم چیمہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ سے تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے سپیکر کو ایک تحریری درخواست بھی دی، سپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر دی نیشن