لاہور( خبر نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے بھارت کے خلاف یوم سیاہ پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947کو عالمی قانون اور اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بھارت نے جموں وکشمیر پرناجائز قبضہ کیا۔یہ دن آج بھی عالمی ضمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے کھلا چیلنج ہے ۔اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاکہ5 اگست 2019 کو بھارت نے دراصل 27 اکتوبر1947کے سیاہ دن کی تاریخ کوایک بار پھر دوہرایا ،بھارتی غیرقانونی اقدامات عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی ساکھ مجروح کرنے کا باعث ہیں۔بھارت کی جموںوکشمیر کے عوام پر ظلم وبربریت اور نسل کشی نے ہٹلرکے مظالم کی سیاہ تاریخ زندہ کردی ہے ،اہل جموں وکشمیر کی جراتوں کو سلام ہے جن کے پایہ استقلال کو کوئی بھارتی ظلم متزلزل نہیں کرسکا ۔انہوںنے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں حریت کا یہ منفرد باب اہل جموں وکشمیر نے اپنی عظیم قربانیوں سے رقم کیا ہے۔پاکستان کا عہد ہے کہ کشمیریوں کے حق آزادی کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔آج کے دن کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے اپنی جان بھی قربان کردی۔
بھارت کے کشمیریوں پر مظالم نے ہٹلر کا سیاہ دور زندہ کر دیا، شہباز شریف
Oct 28, 2021