اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے ریلیف کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ وہ اپنی زیر صدارت احساس ٹارگٹڈ سبسڈی آن لائن کموڈیٹیز پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ براہ راست سبسڈی سے معاشی طور پر کمزور طبقے کو مدد ملے گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ حکومت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے اثر کو مقامی سطح پر منتقل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت ترین، معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیر احمد خان نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم کو اجلاس میں ٹارگٹڈ سبسڈی کے نظام پر پیش رفت اور حتمی شکل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس کی تکمیل کو جلد یقینی بنانے اور عوام میں اس کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ زیادہ سے ذیادہ لوگ اس سے استفادہ کر سکیں۔ دریں اثناء اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھنے کے اعلان پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب نے مہنگائی کے دور میں ساتھ دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر پٹرولیم مصنوعات میں فنانسنگ پر بھی سعودی حکام سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ایسے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جب دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر عون عباس بپی نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا آفس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ کے تحت ترقیاتی پیکیج کے مثبت اثرات پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم کو جنوبی پنجاب کے عوام کے ریلیف کیلئے کسان کارڈ اور صحت کارڈ کے اجرا پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔