کشمیریوں پر بھارتی مظالم انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں: محمودالرشید

Oct 28, 2021

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور جذبہ حریت کو ختم کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکامی سے دوچار ہوئے اور مستقبل میں بھی کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم انسانیت کے ماتھے پر بدنما دھبہ ہیں۔ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ آزادی کشمیر کا مقدر ہے۔ بھارت کے مظالم کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام  بدترین حالات  کا سامنا اور مقابلہ کر رہے ہیں اور مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ مؤثر طریقے سے اجاگر کیا  ہیں جس کی وجہ پوری دنیا میں کشمیری عوام کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔  وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد ہوں گے اور کشمیر کی آواز کو دبانے کے لئے بھارتی عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

مزیدخبریں