"ڈسٹنگوشڈ وزیٹرز ڈے" کی مناسبت سے تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ائیر بیس پر جاری کثیر ملکی عسکری فضائی مشق ''ایسز میٹ 2-2021'' کا جائزہ لیا۔ معزز مہمانان گرامی میں ائیر وائس مارشل امتیاز ستار (کمانڈر ایئر فورس اسٹریٹجک کمانڈ)، میجر جنرل آصف محمود گورایا(جی او سی 3 ائیر ڈیفنس ڈویژن)، ائیر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری (ڈائیریکٹر جنرل جوائنٹ آپریشنز)، ائیر وائس مارشل کاشف قمر(ڈائیریکٹر جنرل لاجسٹکس)، ائیر وائس مارشل اکرام نور (مشیر برائے ایڈمنسٹریشن سربراہ پاک فضائیہ)، ائیر وائس مارشل عاصم رشید ملک (ڈائیریکٹر جنرل ایرو انجنیئرنگ) اور ریئر ایڈمرل نعیم سرور (ڈائیریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاک بحریہ) شامل تھے۔ پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ 15 اکتوبر، 2021 سے شروع ہونے والی دوہفتوں پر محیط ان فضائی مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں جبکہ برطانیہ اور ازبکستان کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
معززین نے مشقوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج کی آپریشنل تیاری اور مشقوں کے انعقاد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق شرکاء کے مابین دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ مشقوں میں شریک فضائی افواج کے عسکری مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔