آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021، سپر 12 راﺅنڈ میں (کل) جمعہ کو دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے کرکٹ سٹیڈیم،شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل راﺅنڈر کیرون پولارڈ کریں گے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم محمود اللہ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دوسرا میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم دبئی میں شروع ہو گا، پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ افغانستان کی ٹیم کی کمان محمد نبی سنبھالیں گے۔ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے ، گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ اپنے دوسرے میچ میں کیویز کو 5 وکٹوں سے مات دی تھی۔ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔