سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے امریکی امداد میں 3 کروڑ ڈالر اضافہ  

Oct 28, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تین کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے جس کی بعد  اس مد میں پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کا حجم نو کروڑ ستّر لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔ امریکی سفیر نے اس اضافی امداد کا اعلان سندھ کے ضلع شکارپور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ سفیر ڈونلڈ بلوم  نے یو ایس ایڈ کے شراکت دار ادارے ایکٹیڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ اس دورہ میں سیلاب متاثرین میں خیمے، بیت الخلاء ، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گاؤں مکھنو کا دورہ کرتے ہوئے امریکی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو  فراہم  کردہ عارضی پناہگاہوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر سیلاب متاثرین کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے سیلاب کے اثرات اور اْن کو  درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

مزیدخبریں