لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے اپ سیٹ شکست دے دی۔پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان گریک اروائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے کریگ اروائن اور ویسلے مدھیویر نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، ویسلے مدھیویر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اروائن نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، ملٹن شمبا کو 8 کے انفرادی سکور پر شاداب خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ 14 ہویں اوور میں شاداب خان نے پہلے سین ولیمز کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر ریگس چکا بوا کو بھی اگلی ہی گیند پر سلپ میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔زمبابوے نے 8وکٹوں پر 130رنز بنائے۔محمد وسیم نے چار‘ شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔پاکستان اننگز کا آغاز مایوس کن رہا ۔ کپتان بابر اعظم چار اور محمد رضوان چودہ رنز بناکر چلتے بنے ۔ شان مسعود نے ایک اینڈ پر سنبھالا دیا تاہم دوسری طرف وکٹیں گرتی رہیں ۔ پاکستان کی 6 وکٹیں94 کے مجموعی سکور پر گرگئیں، افتخار احمد 5،شاداب خان 17،حیدر علی صفر اور شان مسعود 44 رنز بناکر پر آئوٹ ہوگئے۔محمد نواز بائیس اور شاہین آفریدی ایک رن پر آئوٹ ہوئے ۔ محمد وسیم بارہ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ مین آف دی میچ سکندر رضا نے تین کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ : سنسنی خیز مقابلہ ، پاکستان کوزمبابوے سے اپ سیٹ شکست
Oct 28, 2022