ڈالر ایک، سونا 800 روپے تولہ مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں 3 ارب ڈوب گئے 

Oct 28, 2022

کراچی (کامرس رپورٹر) امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز انٹر بنک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں بالترتیب 82پیسے، 1روپے کا اضافہ ہو گیا، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت 220.68روپے سے بڑھ کر 221.50روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت فروخت 224.40روپے سے بڑھ کر 225.40روپے پر جا پہنچی۔ عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا سستا جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مہنگا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 800روپے اور دس گرام سونا 686روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 51ہزار روپے ہو گئی، اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 29ہزار 458روپے پر جا پہنچی جبکہ 5ڈالر کی کمی سے عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 1663ڈالر ہو گیا۔کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری اتار چڑ ھائو کے بعد ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس41500پوائنٹس سے بڑھ کر 41600پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تاہم مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 3ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اور 49.85 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا۔

مزیدخبریں