اسٹیبلشمنٹ کا آئینی کردار ملکی ترقی ، خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے : بلاول 

Oct 28, 2022

اسلام آباد (خصوصی نا مہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا متنازعہ ہے۔ آئینی کردار کی طرف منتقل ہونا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے تین نسلوں سے اس کے لیے جدوجہد کی ہے، منتقلی کی ادارہ جاتی خواہش کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار اور انٹر سروسز انٹیلی جنس سروس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی غیر معمولی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے  ٹویٹ میں کہی۔ ادھر بلاول بھٹو زرداری نے  تمام کشمیری شہداء کو ان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو ان کے عزم اور استقامت پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر  اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر پر ان کی مرضی کے خلاف غیر قانونی قبضے کی75 سال مکمل ہوئے ہیں۔ 75 سال قبل27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنی فوجیں زبردستی  زیر تسلط کشمیر میں اتاریں اور اس وقت سے بھارت نے علاقے پر زبردستی اور غیر قانونی قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا زیر قبضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کے لیے بھارت کی مذموم مہم 5 اگست 2019ء سے تیزی سے جاری ہے جب بھارت نے اپنے ہی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کر دیا جس نے  کشمیر کو خصوصی حیثیت دی ہوئی تھی۔ کشمیریوں کی 3 نسلیں دنیا اور اقوام متحدہ کے وعدوں کا انتظار کرتی رہی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو جوابدہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ بھارتی حکومت کو 5 اگست 2019ء  کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی راولپنڈی سٹی کے سینئر جیالے چاچا گل بہادر خان کے انتقال پر اظہارِ رنج و غم  کیا ہے، گل بہادر خان کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار  کیا ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گل بہادر خان نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ عہدِ وفا استوار رکھا، وہ پارٹی کا اثاثہ تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزیدخبریں