لاہور (نیٹ نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک سکور سے شکست دے دی۔ پاکستان کو شکست دینے کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگا گوا نے ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی پاکستان کو ایک پیغام دیا کہ اگلی بار اصلی مسٹر بین بھیجنا، پاکستان اور زمبابوے کے میچ سے قبل گوگی چاسورا نامی ٹوئٹر صارف نے پی سی بی کو ٹوئٹر پوسٹ پر کمنٹ کیا، آپ نے ایک بار ہمیں مسٹر بین روون کے بجائے جعلی مسٹربین دیا تھا ہم یہ معاملہ کل حل کر لیں گے، بس دعا کریں کہ آپ کو بارش بچا لے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ جعلی مسٹر بین کون؟ تو گوگی چاسورا نے آصف میمن کی تصویر شیئر کی جو برطانوی اداکار وون نے اٹکنسن (المشہور مسٹر بین) کے ہمشکل لگتے ہیں۔ آصف میمن کو 2016ء میں زمبابوے میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے ہرارے انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ایک کامیڈی نائٹ میں شرکت کی۔