ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع پر غور کیا جاسکتا ہے، ناصر اقبال 

Oct 28, 2022

لاہور (کامرس رپورٹر)چیف کمشنر ان لینڈ ریونیوریجنل ٹیکس آفس ناصر اقبال نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع پر غور کیا جاسکتا ہے، کمشنر ان کیسز کو سہولیات دیں گے جنہیں ناگزیر حالات کا سامنا تھا، تاجروں کے ساتھ روابط ڈیجیٹائزیشن و ڈاکومنٹیشن پر توجہ دی جارہی ہے جس کا مقصد کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہارلاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انوراور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کہا کہ غیرضروری نوٹسز بھیجنے بھی بند کردئیے گئے ہیں ، ہمیں کہا گیا کہ مارکیٹوں کا سروے کریں کیونکہ بہت سے اچھے کاروبار کرنے والے ٹیکس نیٹ میں نہیں مگر ہم نے ایسا نہیں کیا کیونکہ خوف و ہراس نہ پھیلانے والی بات پر قائم ہیں۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے جس سے مسائل کی صورت میں رابطہ کیا جاسکے، لاہور چیمبر اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایک پیج پر ہیں اور چاہتے ہیں کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوا، لاہور چیمبر کے ممبران کے لیے بھی آسانیاں چاہتے ہیں۔ کاشف انور نے مزید کہا کہ اگر کوئی کاروباری ادارہ بند ہو چکا ہو تو اسے سیلز ٹیکس /انکم ٹیکس سے ڈی رجسٹرڈ کرنے کیلئے اس کاروباری ادارے کے نمائندے کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کو صحیح طرح سے آگاہی نہیں فراہم کی جاتی۔

مزیدخبریں