لیڈز یونیورسٹی کا چھٹا کا نووکیشن ،900سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم 

لاہور ( سپیشل رپورٹر) لیڈز یونیورسٹی میں چھٹے عظیم الشان کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ کانووکیشن کی صدارت چیئر مین لیڈز یونیورسٹی میاں ظہور احمد وٹو نے کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی، وفاقی سیکرٹری جنید خان،ایگزیکٹو ڈائریکٹرحمزہ ظہور وٹو،ایم ڈی اسد وٹو،طلحہ وٹو ،فیض الباری اور رجسٹرار ڈاکٹر سعید احمد نے خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن کی پروقار تقریب میں شعبہ تعلیم سے وابستہ معزز شخصیات ،ڈینز، صدور شعبہ جات اورفیکلٹی ممبران سمیت طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانووکیشن کا آغاز تلاوت قرآن اور ترجمے سے ہوا۔ تمام فیکلٹی ممبران کے پروسیشن اور مہمانوں کی آمد پر ہال میں قومی ترانہ بجایا گیا۔ پروگرام میں لیڈز یونیورسٹی کے انجینئرنگ ،ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز، بزنس ایڈمنسٹریشن،کامرس اور کمپیوٹر سائنس کے شعبہ جات  سے تعلق رکھتے والے 900 سے زائدطلبہ میں ڈگریاں دی گئیں۔ کانووکیشن میں نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے 16طلباء و طالبات کو رول آف آنر میڈل،، 16 طلباء و طالبات کو امتیازی کارکردگی کا تمغہ اور 55 طلباو طالبات کو میرٹوریس سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لیڈز یونیورسٹی میں ظہور احمد وٹو نے کہا کہ ہم اپنے رب کا شکر ادا کرتے ہوئے خوشی اور فخر سے لیڈز یونیورسٹی کاچھٹے کانووکیشن کا جشن منا رہے ہیں۔وائس چانسلر لیڈز یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر ندیم بھٹی نے کہا کہ لیڈز یونیورسٹی کے طلبہ اور طالبات کیلئے اعزازکی بات ہے کہ کینیڈا اور ملائیشیا کی یونیورسٹییز کیساتھ تعلیمی معاہدہ ہو گیا ہے جس سے ہمارے طلباء و طالبات بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔وفاقی سیکرٹری جنیدخان نے کہا کہ ڈگریاں وصول کرنے والے طلباء وطالبات کو دلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔لگن ،خلوص اور محنت طویل مدتی کامیابی کی کنجی ہے۔

ای پیپر دی نیشن