پاکستان بیرونی ادائیگیاں وقت پر کرے گا: گورنر سٹیٹ بنک


اسلام آباد (نیٹ نیوز) گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر ادا کرے گا۔ گورنر سٹیٹ بنک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں اس بات کا اعلان کیا۔ روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ سہولت کا افتتاح گورنر سٹیٹ بنک نے روایتی بیل گونگ بجا کر کیا اور بعد میں اپنے خطاب میں روشن ایکویٹی انوسٹمنٹ کو ملکی کیپٹل مارکیٹ کیلئے ایک اہم پیش رفت اور بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل  اکائونٹس میں 5 ارب ڈالر سے زائد رقوم جمع کروائی گئی ہیں اور تقریباً 10 ہزار روشن ڈیجیٹل اکائونٹ  رکھنے والے پاکستانی سٹاک  ایکسچینج میں تقریباً 8 ارب روپے کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ تقریب سے چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج بورڈ ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز عام عوام کو فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ چیئرمین ایس ای سی پی عامر خان نے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ کیپٹل مارکیٹ کے فروغ میں سٹیٹ بنک اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ایم ڈی سی ڈی سی بدیع الدین نے تقریب کو روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ پلیٹ فارم کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
گورنر سٹیٹ بنک

ای پیپر دی نیشن