راولپنڈی ( اکمل شہزاد سے)راولپنڈی 22نمبر چونگی میں گاڑیوں کا سٹینڈ گندگی کے فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو گیا، کچرا اور گندگی کے باعث مسافروں اور مقامی افرادکو شدید مشکلات کا سامنا ہے، نوائے وقت سروے کے مطابق 22نمبر گاڑیوں کا منظور شدہ سٹینڈ جس سے لوکل روٹ پر چلنے والی ہائی ایس اور سوزوکیاں کھڑی کی جاتی ہیں،گندگی اور بدبو کے باعث کھڑا ہونا بھی دشوار ہو گیا، اڈے کے اندر عرصہ چھ ماہ پہلے کچرا اور گندگی پھینکی گئی جو کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی طرف سے ابھی تک نہیں اٹھائی گئی جس سے وہاں پر شدید گندگی اور بدبو پیدا ہوچکی ہے شدید بدبو اور گندگی کی وجہ سے بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے پہلے ہی جڑواں شہروں میں ڈینگی وائرس کی لہر تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے آنے جانے والے مسافروں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹر حضرات شدید پریشان ہے ان کا کہنا ہے ہم متعدد بار کنٹونمنٹ کو آگاہ کر چکے ہیں مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے جبکہ گندگی کے بالکل سامنے ایدھی ویلفیئر سینٹر کا افس بھی موجود ہے اور ٹریفک آفس بھی موجود ہے اس کے باوجود صفائی نہیں کی جا رہی ہے، راولپنڈی کا یہ مشہور ترین چوک ہونے کے ساتھ ساتھ ایشیا کے سب سے بڑے بازار ٹینچ بازار سے بھی منسلک ہے اہم ترین چوک ہونے کے باوجودانتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث شہر کا مشہور اور پرانا بس اسٹینڈ بے یارومددگار انتظامیہ کو فوری طور پر عوام مسافر حضرات اور ٹرانسپورٹر حضرات کی پریشانی کو سمجھتے ہوئے گندگی کو صاف کرنا ہوگا تاکہ بڑے پیمانے پر شہریوں کو صحت کا تحفظ حاصل ہو سکے۔