ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں:الطاف شکور


کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سیاست دانوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند کیا جائے۔ملک میں سیاسی بالغ نظری کی شدید کمی ہے۔ ملکی اداروں پر انگشت نمائی سے ملک میں 
انتشار پیدا ہو رہا ہے۔ ملکی اداروں پر کیچڑ اچھال کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا انتہائی قبیح فعل ہے، اس پر کاروائی ہونی چاہیے۔ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ۔ اس موقعہ پر تما م سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بھلا کر ملک کی یکجہتی کے لئے کام کریں۔ پی ٹی آئی بھی پیپلز پارٹی کی طرح لاشوں پر سیاست کر رہی ہے۔ ارشد شریف شہید کی موت پوری قوم اور خصوصاً ان کے گھر والوں کے لئے تکلیف دہ ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز اور خصوصاً مریم صفدر نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دئیے ہیں۔پاکستان میں سیاست بے لگام گھوڑے کی مانند ہو چکی ہے۔تینوںسیاسی جماعتیں اہلیت ثابت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ برسراقتدار سیاسی جماعت کو ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے سے کون سی قوت روکتی ہے؟ جو اقتدار سے باہر ہونے کے بعد اپنی ناکامی کا سارا ملبہ اداروں پر گرا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ سب کچھ اسٹیٹس کوبرقرار رکھنے کی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔ ملکی نظام کی از سر نو تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر اورڈی جی آئی ایس آئی کا سامنے آکر وضاحت دینا قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اپنی نااہلیت کو چھپانے کیلئے اداروں پر الزام تراشی کرنا سب سے آسان کام ہے۔ ایسا لگتا ہے بڑی سیاسی جماعتوں کا ایک نکاتی ایجنڈا اقتدار کا حصو ل ہے۔ دنیا بھر میں سیاست ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینے اور عوام کے ایشوز حل کرنے کے ایجنڈے پر کی جاتی ہے مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہو رہا ہے۔موجودہ بحران کا واحد حل آئین اور قانون کی بالادستی کو قبول کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم ن لیگ چار چار مرتبہ اور تحریک انصاف ایک مرتبہ اقتدار میں آنے کے باوجود ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں اس لئے اب موجودہ انتخابی نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے ورنہ یوں ہی باریاں لگنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
الطاف شکور

ای پیپر دی نیشن