پاکستان کا واحد مقصد کشمیری بھائیوں کی جائز خواہشات کی تکمیل، شفقت خان

Oct 28, 2022


اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا واحد مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جائز خواہشات کی تکمیل ہے۔ تفصیلات کے مطا بق شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان ایمبیسی ماسکو کے احاطے میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کا اہتمام روس میں پاکستانی سفارت خانے نے 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر کے طور پر منانے کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، سفارتی افسران اور عملے نے شرکت کی۔سفیر نے کہا کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کی بربریت اور فوجی طاقت کشمیریوں کو کبھی دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام پہلے ہی اپنا راستہ منتخب کر چکے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ سفیر شفقت علی خان نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کے مشکل دن گنے جا چکے ہیں اور لمبی تاریک سرنگ کے اختتام پر روشنی دیکھی جا سکتی ہے۔اس موقع پر جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے اور بربریت کے خلاف 75 سالہ طویل مزاحمت کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بالترتیب ڈپٹی ہیڈ آف مشن رانا ثمرجاوید اور سیکنڈ سیکرٹری محمد طیب نے پڑھے۔اس موقع پر غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم اور جدوجہد آزادی کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
شفقت خان

مزیدخبریں