کراچی(کامرس رپورٹر)معروف ادویہ ساز کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن نے کمیونٹی کو لوٹانے کی اپنی ذمہ داری اور عزم کی تکمیل کرتے ہوئے کراچی ریلیف ٹرسٹ (کے آر ٹی) کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے یہ رقم کراچی ریلیف ٹرسٹ اس قدرتی آفت سے متاثرہ کمیونٹیز کو پکے ہوئے کھانے، خیمے، گھریلو استعمال کا سامان اور ضرورت کی دیگر اشیاء کی فراہمی پر خرچ کریگی۔ جی ایس کے پاکستان کی سی ای او ارم شاکر رحیم نے جی ایس کے کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں عطیہ کا چیک کراچی ریلیف ٹرسٹ کے نمائندے طارق میاں کو پیش کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارم شاکر رحیم نے کہا کہ جی ایس کے کے تمام امور میں صحت اور تحفظ کو اولیت حاصل ہے۔ ملک میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور لاکھوں افراد اس سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جی ایس کے گرانٹ اور عطیات کے ذریعے اس المیہ سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد اور بحالی کے لیے اپنی ذمہ داری فعال طریقے سے ادا کررہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دیگر ادارے بھی تقلید کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ اس موقع پر کراچی ریلیف ٹرسٹ کے طارق میاں نے کہا مون سون کی بارشیں پاکستان کی تاریخ میں بدترین سیلاب کا سبب بنیں۔ سندھ، بلوچستان اور ساؤتھ پنجاب کی بڑی آبادی اپنے گھروں اور ذرائع آمدن سے محروم ہوگئے ہیں۔ پاکستان اس قدرتی آفت سے صرف اسی طور نمٹ سکتا ہے کہ ہر اسٹیک ہولڈر ریلیف کی کوششوں میں حصہ لینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ہم مصیبت کاشکار کمیونٹیز میں امید کی بحالی کے لیے ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کی حیثیت سے اپنا کردار کی ادائیگی پر جی ایس کے پاکستان کے شکر گزار ہیں۔تقریب میں کراچی ریلیف ٹرسٹ کے طارق میاں سمیت جی ایس کے پاکستان کی سی ای او ارم شاکر رحیم، کنٹری میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف حسن خان، ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز اینڈ ایڈمنسٹریشن عبدالحسیب پیرزادہ اور لیگل ڈائریکٹر مہر درخشاں امیر نے شرکت کی۔
گلیکسو اسمتھ کلائن کا سیلاب زدگان کیلئے ایک کروڑ روپے کا عطیہ
Oct 28, 2022