کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) کراچی گالف کلب میں سندھ گولف ایسو سی ایشن کے تین روزہ پیراگون سندھ ایمیچر گولف ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ کھیل کے پہلے دن پاکستان بھر سے آئے ہوئے تقریباً 150 گولفرز فائنل راؤنڈ کے لیے مقابلہ کریں گے۔ سندھ ایمیچر گالف ٹورنامنٹ سندھ گالف ایسوسی ایشن کے کیلنڈر کے اہم گولف مقابلوں میں سے ایک ہے۔ تین روزہ، 54 ہول پر مشتمل ٹورنامنٹ پاکستان گولف فیڈریشن کے قوائد اور قوانین کے مطابق کھیلا جائیگا۔ اس سال کے لیڈر کا فیصلہ اتوار 30 اکتوبر کو کھیلے جانے والے فائنل راؤنڈ کے دوران ہوگا۔ کراچی گالف کلب کا سبزہ زار بہترین حالت میں ہے۔ کراچی کا موسم علی الصبح کچھ دھند کے باوجود کھیل کے لیے مناسب ہے۔ سندھ گولف ایسوسی ایشن کے صدر خرّم خان نے کہا، "ہم سندھ میں گولف کے فروغ اور ترقی کے لیے کام کر تے ہوئے باصلاحیت گالفرز کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ میں سندھ گولف ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان بھر سے آنے والے گولفرز کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ہم بہترین کھیل کی توقع رکھتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔" خرّم خان نے مزید کہا ، " گولف کی مقبولیت ہمارے ملک کے خواتین اور مرد نوجوانوں میں یکساں بڑھ رہی ہے۔ ہم بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے اپنے کھلاڑیوں کی تربیت کر رہے ہیں اور کراچی گولف کلب نے نمایاں گولفروں کی بہترین تربیت گاہ کے طور پر خود کو تسلیم کرایا ہے۔ صائم شازلی، یشال شاہ، عمر خالد، حمنہ امجد اور ان جیسے بہت سارے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں"۔ اس ٹورنامنٹ میں پچھلے سال کے دفاعی چیمپین یشال شاہ، تھائی لینڈ میں 27 سے 31 نومبر 2022 کے دوران منعقدہ ایشیاء پیسفک ایمیچر گولف چیمپین شپ میں کھیلنے کے باعث اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے شریک نہیں ہوسکیں گے۔
ایمیچر گولف ٹورنامنٹ