گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سیکریٹری تحفظ ماحولیات عثمان علی خان نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ چیمبر کی بزنس کمیونٹی آلودگی کو کم کرنے میں اس قدر متحرک ہے یہ جان کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہمارا مقصد بزنس کمیونٹی کے کاروبار بند کرکے ان کی مشکلات میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے کاروباری لوگ جو غیر ممنوعہ مصنوعات جلا کر ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں ان سے گزارش ہے کہ یہ شہر آپ کا شہر ہے اور یہاں آپ نے ہی رہنا ہے وہ ایندھن استعما ل کریں جس سے آلودگی نہ پھیلے ،انہوں نے کہا کہ بے شمار کمپنیاں آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے چھوٹے جھوٹے پلانٹ اور مناسب قیمت پر بنا کر دے رہی ہیں فیکٹری مالکان اپنی مرضی کی قیمت کے پلانٹ نصب کروائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر سے خطاب کے دوران کیا جبکہ صدارت شیخ فیصل ایوب نے کی ۔ عثمان علی خان نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر نے ماحولیات آلودگی کے متعلق جو مسائل پیش کئے ہیں اس حوالے سے چیمبر اور محکمہ ماحولیات کی کمیٹی تشکیل دے دی جائے تاکہ تمام معاملات باہمی مشاورت سے حل ہو سکیں ، اس موقع پر کمشنر غلام فرید نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اقتصادی اور صنعتی لحاظ سے گوجرانوالہ ضلع کیلئے ایک متحرک اور اہم فورم ہے۔موجودہ رجیم اپنی بہتر کارکردگی سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں میں اور میری پوری ٹیم بزنس کمیونٹی وشہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ہروقت موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ چند داقلعہ سے عزیز کراس تک اس روڈ کو ماڈل روڑ بنایا جائے تاکہ یہ روڈ ایک مثال ہو۔انہوں کہا کہ اس شہر کی تعمیر و ترقی اور صفائی کے حوالے سے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیمبر کے صدر شیخ فیصل ایوب نے کمشنر گوجرانوالہ کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ شہر و بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے جو اقدامات اٹھائے گی گوجرانوالہ چیمبر ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔