پی آئی اے کا مالی بحران شدید، فلائٹ آپریشن انتہائی محدود، 8 ارب روپے کے ہنگامی فنڈز منظور

Oct 28, 2023

اسلام آباد لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) شدید معاشی بحران کا شکار قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا فلائٹ آپریشن انتہائی محدود کر دیا گیا جس کے تحت جمعہ کے روز بھی مقامی اور بین الاقوامی 58 پرواز یں منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق صرف نفع بخش اور انتہائی ضروری سیکٹر کی انٹرنیشنل پروازوں کو ہر صورت بحال رکھا گیا ہے۔ اندرون ملک پروازیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق منسوخ کی جانے والی پروازوں میں کراچی آنے جانے کی 22 پروازیں بھی شامل ہیں جبکہ 11دن میں پی آئی اے کی منسوخ پروازوں کی تعداد 538 ہو گئی ہے۔ پی آئی اے نے ہفتے کے اختتام پر پی ایس او کو مزید 10 کروڑ ادا کر دیئے۔ پی ایس او نے گزشتہ روز اور آج مزید آٹھ پروازوں کا ایندھن فراہم کیا۔ دوسری طرف نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کو آٹھ ارب روپے کے فنڈز دینے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے اور ضروری اخراجات پورے کرنے کیلئے فنڈز فراہمی کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں