چوہنگ: جائیداد تنازعہ پر مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ، 3 بھائیوں سمیت 5 افراد قتل

لاہور (نامہ نگار) چوہنگ میں حملہ آوروں نے جائیداد تنازعہ پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 16سالہ لڑکے سمیت 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ قتل ہونے والوں میں تین بھائی، ایک کزن اور ایک ملازم شامل ہیں۔ علاقہ شاہ پور میں تین بھائی علی حسنین، حاجی غلام مصطفٰی، غلام مرتضی اپنے ڈیرے پر کزن ملک خادم اور ملازم فہد کے ہمراہ موجود تھے کہ حملہ آوروں نے آکر خون کی ہولی کھیلتے ہوئے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کی زد میں آکر علی حسنین، حاجی غلام مصطفٰی، غلام مرتضی، ملک خادم موقع پر جاںبحق جبکہ فہد شدید زخمی ہو گیا۔ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی فہد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال میں منتقل کیا، مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکا اور اس نے بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ دیا ہے۔ پولیس نے پانچوں لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دیرینہ دشمنی سمیت دیگر پہلو¿وں پر تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں پانچ افراد کی ہلاکت پر علاقے میں سوگواری کی فضا چھا گئی۔ ایس ایچ او چوہنگ ناصر حمید کا کہنا تھا کہ مقتولین کا کسی سے جھگڑا نہیں تھا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہاکہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو فوراً جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دیا اور کہا کہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دی جائے۔ جبکہ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سے ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ چوہنگ میں پانچ افراد کے قتل کے ملزمان کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ متاثرہ خاندان کو ہر حال میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا ہے کہ چوہنگ میں 5 افراد کے قتل کا واقعہ 2 پارٹیوں میں پراپرٹی تنازعہ کا شاخسانہ ہے، ملزمان کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ اور ایس پی صدر انویسٹی گیشن احمد زنیر چیمہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن