غیر جانبدارانہ، ذمہ دارانہ صحافت سے ہی معاشرہ درست سمت لے سکتا ہے: مرتضیٰ سولنگی 

اسلام آباد (خبرنگار+ خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جمہوریت میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے، میں خود صحافی برادری سے ہوں، ہمیشہ آزادی اظہار رائے کا حامی رہا ہوں اور اب بھی اس پر کاربند ہوں۔ یہ بات انہوں نے یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس کے پریس لاﺅنج میں پی آر اے کے صدر عثمان خان اور دیگر صحافیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی آئی او طارق خان بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام صحافیوں کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام والا رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تلخ باتیں بھی ہو جاتی ہیں لیکن یہ جمہوریت کا حصہ ہیں، ہم نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز بھی جاری کی تھی جو نگران حکومت کی ترجمانی کرتی ہے۔دریں اثناء مرتضیٰ سولنگی نے ملک میں صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے نگراں حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کی پیداوار ہے، ہم آئین و قانون پر عمل درآمد کے پابند ہیں، میڈیا کا بنیادی مقصد درست معلومات عوام تک پہنچانا ہے۔ یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں شفاف طرز حکمرانی اور جمہوری عمل میں اوپن ڈائیلاگ اور معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت وقت کی ضرورت ہے، غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت سے ہی معاشرہ درست سمت لے سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے جمہوریت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کے لئے متحرک اور غیر جانبدار میڈیا منظر نامے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا شہریوں کو درست، بروقت اور غیر جانبدارانہ معلومات فراہم کر کے ان بنیادی اقدار کے محافظ کے طور پر کام کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن