اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ذرائع ابلاغ کے جائز مطالبات حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ میڈیا ریاست کا بڑا اور اہم ستون ہے۔ میڈیا تنظیموں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طارق محمود خان اور منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اے پی این ایس، سی پی این ای، اخباری صنعت کے مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ذرائع ابلاغ کے جائز مطالبات حل کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا ریاست کا بڑا اور اہم ستون ہے، حکومت آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے، میڈیا تنظیموں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان گلبر خان نے جمعہ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کے دورہ چین میں پاکستان اور چین کے مابین گلگت اور سنکیانگ میں تجارتی روابط مزید بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور دیگر اقدامات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے گلگت بلتستان کے لوگوں کو روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیرِ اعلی گلگت بلتستان نے وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ گلگت بلتستان پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے میجر (ر) عامر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انوار الحق کاکڑ کی اہلیہ اور نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی ہمراہ تھے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے میجر (ر) عامر کے داماد محمد عارف کی عیادت کی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال بالخصوص افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔