جدہ‘ اسلام آباد‘ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد‘ قصور‘ مظفر آباد‘ سرینگر (امیر محمد خان سے+ خبر نگار+ خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت+ ایجنسیاں) جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے جمعہ کو یوم سیاہ منایا۔ اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ ریلیاں نکالی گئیں۔ اقوام متحدہ کے مبصرین دفاتر میں یادداشتیں پیش کی گئیں جن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لئے کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر فوری عملی جامہ پہنائیں۔ یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ۔ 27 اکتوبر 1947 کو جموںوکشمیر پر بھارتی فوج کی جارحیت اور نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کے لیے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے گئے، مقبوضہ کشمیر میں سیاہ پرچم لہرائے گئے۔ آزاد کشمیر کے تمام صدر اور تحصیل مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پاکستان میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں حریت کانفرنس کے قائدین نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہروں میں شامل لوگوں نے بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ اسلام آباد میں سب سے بڑی ریلی وزارت خارجہ سے شروع ہوئی جو شاہراہ دستور سے ہوتی ہوئی ڈی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی، سیکرٹری خارجہ اور حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان کے قائدین نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی میں شامل لوگوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں کے علاوہ سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے لئے نعرہ بازی کی گئی۔ اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کے سامنے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کی‘ اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیرقانونی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ کشمیر پر بھارت کا ظالمانہ اور غیر قانونی قبضہ ختم کرانے کے لئے اپنا فوری کردار اداکرے اور کشمیر کے بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے ،اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قونصل جنرلز نے ”یومِ کشمیر یوم سیاہ“منایا۔ کشمیری یوم سیاہ کے موقع پر ویڈیو پیغام میں ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ بھارت کی بربریت اور فوجی طاقت کشمیریوں کو کبھی دبا نہیں سکتی۔ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ نے بین الاقوامی برادری سے کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں تیز کرنے کی اپیل کا اعادہ کیا، کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کو 76 سال ہوگئے ہیں اس موقع پر OIC کے جنرل سیکریٹریٹ نے بیان جاری کیا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے عالمی برادری سے جموں و کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے سینٹ میں یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کی۔ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں انٹرنیشنل کمیونٹی سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ بلوچستان بھر میں بھی احتجاجی ریلیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں سمیت درجنوں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریبات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن میں جمعرات کو یوم سیاہ جموں و کشمیر منایا گیا۔ یوم سیاہ جموں و کشمیر کی اس تقریب میں کراس پارٹی برٹش پارلیمنٹرینز، کشمیری رہنماﺅں، دانشوروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرصدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ ہائی کمشنر نے اپنے ریمارکس میں جموں و کشمیر کے یوم سیاہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ قصور میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں یوم سیاہ منایا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی شکیل احمد کی قیادت میں گورنمنٹ لیب سکول سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔جس میں فیلڈ آفیسرز، اساتذہ، طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے مسلم سٹوڈنٹس لیگ گوجرانوالہ (شعبہ کالجز) کی جانب سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے گورنمنٹ لیدر کالج آف ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے طلباءنے ریلی نکالی۔ جس میں سینکڑوں طلباءاور پرنسلز اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ حافظ آباد میں ملک بھر کی طرح حافظ آباد میں بھی کشمیر پر بھارت پر غاصبانہ قبضے اور بھارتی مظالم کے خلاف حافظ آباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔
دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ، مسئلہ حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں : او آئی سی
Oct 28, 2023