پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے رہنماو¿ں کی اہم سیاسی امور پر مشاورت کے لیے ایک بیٹھک منسٹرز انکلیو میں اسحاق ڈار کی رہائش پر ہوئی جہاں شہباز شریف اور دیگر رہنماو¿ں نے نواز شریف کو کیسز میں مثبت پیش رفت پر مبارکباد پیش کی جبکہ نواز شریف نے اپنی قانونی ٹیم کو انتھک محنت پر مبارکباد دی۔ اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد سماجی رابطے کے ذریعے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں صدر نون لیگ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف قومی احتساب بیورو (نیب) کا سیاسی استعمال بند کرنے کی تجویز سے متفق ہیں۔ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد نیب کے سیاسی استعمال کو روکنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ تقریباً ڈھائی دہائیوں سے یہ ادارہ مسلسل متنازعہ بنا ہوا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر حکومت اسے اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرتی ہے۔ اس ادارے کو بنایا تو بہت اچھے مقصد کے لیے گیا تھا لیکن اس کی ساکھ ایسی بن چکی ہے کہ اب کوئی بھی اس پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ماضی میں اس ادارے کے سربراہان کا کردار بھی سوالیہ نشان بنا رہا ہے۔ اگر تمام سٹیک ہولڈرز مل کر اس ادارے کا سیاسی استعمال روکنے پر متفق ہو جائیں اور اسے واقعی اس مقصد کے لیے کام کرنے دیں جس کے تحت یہ وجود میں آیا تھا تو بدعنوانی پر بہت حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نواز شریف کے ساتھ اس بات پر اور کس کس جماعت کی قیادت نیب کا سیاسی استعمال روکنے پر متفق ہوتی ہے اور اس کام کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات بھی کیے جاتے ہیں یا نہیں۔