غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج کی بمباری سے بے گھر ہونے والے مظلوم فلسطینی بچے کی روتے ہوئے ویڈیو نے دیکھنے والوں کو بھی دکھی کردیا۔ فلسطینی صحافی کے تباہ شدہ گھر کے ملبے پر کھڑے مظلوم بچے کی ویڈیو میں بچہ روتے ہوئے کہہ رہا ہے میری خواہش ہے یہ سب خواب ہو جبکہ اس دوران ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف بھی نظر آ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری مسلسل 21ویں روز بھی جاری ہے۔ غزہ کی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں میں آج مزید 298 فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہداء کی مجموعی تعداد 7326 ہوگئی ہے۔ فلسطینی شہداءمیں 3038 بچے‘ 1726 خواتین اور 414 ضعیف العمر بزرگ شامل ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق ہزاروں فلسطینی تاحال اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جس سے کئی اسرائیلی زخمی ہو گئے جبکہ عمارتوں میں آگ لگ گئی ہے۔ راکٹ حملوں کی وجہ سے تل ابیب کا بن گورین ائیرپورٹ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔