راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے خلاف پٹیشن نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف پٹیشن پر سماعت کی۔دوران سماعت شیخ رشید نے عدالت میں بیان دیا کہ سی پی او راولپنڈی اور دیگر پولیس افسران میرے ملزم ہیں اور میری گرفتاری میں ان کے چہرے شامل ہیں لیکن میں فی سبیل اللہ انہیں معاف کرتا ہوں۔شیخ رشید کے بیان پر عدالت نے ان کی گرفتاری کے خلاف دائر پٹیشن نمٹا دی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آج عدالت میں میری گرفتاری پر سماعت ہوئی اور اس حوالے سے پٹیشن میں جو کچھ لکھا تھا وہ بالکل درست ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ سارا کام راولپنڈی پولیس نے کیا ہے، انہوں نے نابالغ بچوں کو بھی معاف نہیں کیا، میری گرفتاری کے پیچھے سی پی او کا چہرہ چھپا ہے، گرفتار مجھے پولیس نے کیا لیکن بدنام دوسرے لوگوں کو کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر کے ملازمین، خواتین اور بچوں تک کو نہیں چھوڑا گیا، 30 تاریخ کو لال حویلی کا اہم کیس ہے، اس دن میں تفصیلی آپ سے بات کروں گا، ’میں نے اللہ کی رضا کیلئے ان سب کو معاف کر دیا ہے‘۔