لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ و بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں عالمی امن کیلئے خطرہ بن رہی ہیں۔ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ ہندوستان اور اسرائیل کو انسانیت کے قتل عام سے روکیں، دنیا کے ان دیرینہ حل طلب مسئلوں پر مزید غفلت دنیا کو بد امنی کی جانب دھکیل سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 76سال سے مقبوضہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا شکار ہے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے، بھارتی جبر و استبداد اور ظلم ستم، مقبوضہ وادی کی خود مختار حیثیت کو ختم کرکے وہاں مسلم آبادی کے تناسب کو بدلنے کی ناپاک جسارت، ڈیڑھ لاکھ انسانی جانوں کی قربانی کے باوجود آج بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی توانا ہے اور وہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی جانب انصاف کے لئے دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 76 سال سے بھارت عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ناجائز قبضے کو طول دینے کےلئے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کی سیاہ تاریخ دوہرائی اور پوری وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا۔ 76 سال میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر واستبداد کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا ہے۔