امریکی صدر نے صیہونی ریاست کو سفاکیت کا لائسنس جاری کر دیا: سراج الحق

Oct 28, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین میں بچوں کا قتل عام جاری ہے، اسرائیلی مظالم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ امریکی صدر نے صیہونی ریاست کو سفاکیت کا لائسنس جاری کردیا۔ امریکا جنگ بندی کی قراردادیں ویٹو کررہا ہے، جارح کو مسلسل اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے، جماعت اسلامی واشنگٹن کے انہی اقدامات کے خلاف اتوار کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے باہر غزہ مارچ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات کی طرف سے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، امیر لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد، ناظمہ حلقہ خواتین لاہور عظمیٰ عمران اور دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریلی میں اساتذہ نے بھی شرکت کی اور امیر جماعت کو غزہ فنڈ کے لیے عطیات دیے۔ طلبا و طالبات نے فلسطینی بچوں کے لیے تحائف دیے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے دعا کی۔ بعدازاں منصورہ کی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے ذمہ دار حکمرانوں کے ساتھ ساتھ وہ لوگ بھی ہیں جو انھیں بار بار مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی اسی وقت آئے گی جب لوگ ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کریں گے۔ ملک پر گزشتہ 75برسوں سے مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے جائدادیں بنانے اور دولت کمانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا۔

مزیدخبریں