ڈی ایچ کیو ہسپتال شہریوں کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے: اخلاق  بٹ 

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )صنعتکار و تاجر رہنمائوں اخلاق احمد بٹ، ملک ظہیر الحق، شعیب بٹ،عرفان یعقوب بٹ، چاند حمید بٹ، جمشید ایوب بٹ، اظہر اسلم نے کہا ہے کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے ،کئی بار تاریخیں دی گئیں مگر اسکے باوجود تاحال ڈی ایچ کیو ہسپتال واپس شفٹ نہ ہو سکا جوایک لمحہ فکریہ ہے ۔ شہر سے 15کلو میٹر دور ٹیچنگ ہسپتال میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سارا عملہ شفٹ کردیا گیا ہے۔حالانکہ پہلے تو صورتحال یہ تھی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں خاص طورپر غریب افرادکو طبی سہولیات اور ٹراما سنٹر میں فوری ایمرجنسی ٹریٹمنٹ مل جاتی تھی۔مگر اب ڈی ایچ کیو ہسپتال شہریوں کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے جس کے باعث مریض ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ اب اکثر مریض راستے میں ہی بروقت طبی امداد فراہم نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال شہر سے اتنی دور ہے کہ وہاں مریض کو لیجانے کیلئے پندرہ سو سے دو ہزار روپے تک کرایہ لگ جاتا ہے ،کسی کو شائد اس بات کا احساس ہی نہیں ہو رہا ہے کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی بمشکل کھا رہی ہے اور اوپر سے علاج معالجہ کیلئے مریضوں کا اتنی دور جانا کسی ظلم سے کم نہیں ہے یہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ،خدارا غریب عوام پر ترس کھاتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو جلد از جلد واپس اپنی جگہ پر شفٹ اور فنگشنل کروایا جائے تاکہ پریشانی میں مبتلا شہری سکھ کا سانس لے سکیں ۔

ای پیپر دی نیشن