نوجوان نسل تیزی کیساتھ دین سے دورہوتی چلی جارہی ہے:مقررین  

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)معروف دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ للبنات کا سالانہ جلسہ ردائے فضیلت ومحفل میلادالنبی ؐ یہاں محلہ ابرار پورہ گوجرانوالہ روڈ پر مہتمم اعلی استاذ العلماء  علامہ حبیب اﷲجلالی کی زیر سرپرستی منعقد ہوا۔جس سے خطاب کرتے ہوئے خواتین معلمات واسکالرز نے کہا کہ انتشاروافتراق کے موجودہ دور میں نوجوان نسل جس تیزی کے ساتھ دین سے دورہوتی چلی جارہی ہے ۔ ان حالات میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ خواتین کو دینی تعلیم سے بہرہ ورکرنا بہت ضروری ہوچکا ہے تاکہ یہ خواتین ماں بنکر اپنے بچوںکی دینی خطوط پر تربیت کرسکیں۔انہوںنے کہا کہ جب تک مائیںبچوںکو قرآن پڑہ کر لوریاں دیتی رہیں۔ ٹیپو سلطان اور صلاح الدین ایوبی جیسی شخصیات پیداہوتی رہیں لیکن جب سے ہماری خواتین یورپی تہذیب کی دلدادہ ہوئی ہیں اسوقت سے ہماری نوجوان نسل کا اخلاقی لحاظ سے جنازہ نکل گیا ہے۔انہوںنے خواتین پر زوردیا کہ وہ اپنی زندگیاں حضور نبی رحمت ؐ کے بتائے ہوئے طریقوںکے مطابق بسر کریں تاکہ دنیا و آخرت میں سرخروہوسکیں۔اس موقع پر طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب میں بتایا گیا کہ جامعہ اسلامیہ للبنات میں دینی ودنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں جامعہ میں قائم کردہ سلائی سکول میں طالبات کو سلائی بھی سیکھائی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن