حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) دعوتِ اسلامی کے نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے کہا ہے کہ انسان نیک اعمال کرنے کے لیے ہی پیدا کیا گیا۔انہی نیک اعمال کا حساب ہوگا اور ان ہی پر اس کی دنیا کی پاکیزہ زندگی اور آخرت میں جنت کی زندگی کا دارومدار ہے۔ اللہ اور رسول اللہؐ نے نیک اعمال کی طرف رغبت دلائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے نیک اعمال قبول کرنے اور ان پر دنیا و آخرت میں بہترین اجر و ثواب دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وہ حنیف محمدسٹیڈیم میں ایک بہت بڑے اجتما ع سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔ نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری کا کہنا تھا کہ مومن بندے کو نیک اعمال کرنے کا بے حد حریص ہونا چاہئے اور ان پر اللہ سے اجر و ثواب کا اُمید رکھنا چاہئے اور شرائط،آداب اور حقوق کا لحاظ رکھتے ہوئے نیک عمل صحیح طریقے سے مکمل کرنا چاہئے۔ہر مسلمان نیک اعمال کرنا چاہتا ہے لیکن ہر کسی کو اس کی توفیق نہیں ہوتی کیونکہ توفیق تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی پاکستان سمیت پوری دُنیامیں اشاعت اسلام کے ساتھ لوگوں میں فکر آخرت کا پیغام عام کرنے کا کام کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی، فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر شریک ہے۔ اجتماع کے اختتام پر رقت انگیز دُعا میں گناہوں کی معافی اور مسلمانوں کی اصلاح کے لیے خصوصی دُعا کی گئی۔