حافظ آباد: اہل حدیث کے زیر اہتمام آئینہ سیرت النبیؐ کورس اختتام پذیر 

حافظ آباد  (نمائندہ نوائے وقت)  متحدہ جمعیت اہل حدیث ضلع حافظ آباد اور انتظامیہ جامع مسجد مکی اھلحدیث حافظ آباد کے زیر اہتمام 35روزہ آئینہ سیرت النبیؐ کورس اختتام پذیر ہو گیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین خطیب شہر علامہ مولانا میاں محمد ایوب نے کہا کہ نبی پاک ؐ کی سیرت وحیات طیبہ عالم اسلام کے لئے مشعل راہ ہے آپؐ کی تشریف آوری کے بعد جہالت کے اندھیرے روشنی میں تبدیل ہو گئے اور قیامت تک کے آنے والے انسان آپؐ کی سیرت طیبہ کو اپنا کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں گے  ۔آپؐ کی زندگی اخلاق کی اعلیٰ ترین زندگی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آئینہ سیرت النبی ؐ کورس کے دوران آپؐکی پیدائش سے لیکر زندگی کے ہر شعبہ کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ہمیں چاہئے کہ اپنی زندگیاں کتاب وسنت کے مطابق گزاریں ایک دوسرے کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں تمام مکاتب فکر کے علماء کا احترام کریں اور بچوں کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں تقریب کے آخر میں کورس کے 300شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ مدرسہ تعلیم القرآن سے فارغ ہونے والے 5حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اورشرکا کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن