لاہور(خصوصی نامہ نگار) وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس چیئر مین امتحانی بورڈ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان کی زیر صدارت جامعہ علمیہ میں ہوا، ملک بھر سے اراکین نے شرکت کی۔ اراکین نے مدارس کو سوسائٹیز ایکٹ (1860)کے ذریعہ رجسٹریشن کے عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اراکین عاملہ نے کہا وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کیساتھ 4000 سے زائد مدارس ملحق ہیں ، 3 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔چیئر مین امتحانی بورڈ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا رات کے اندھیرے میں مولانا فضل الرحمان نے سوسائٹیز ایکٹ(1860) میں ترامیم کروا کر مدارس دشمنی کا ثبوت دیا ۔قائم مقام مرکزی صدر ڈاکٹر شمس الرحمٰن شمس نے کہا مدارس کو وزارتِ تعلیم کیساتھ ہی رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔نائب ناظم اعلیٰ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا وفاقی وزارتِ تعلیم کا رجسٹریشن کا عمل نہایت آسان جبکہ سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کا طریقہ کار نہایت مشکل اور ذلت آمیز ہے۔