ہزاروں فلسطینی شہادتوں پرمسلم حکمرانوں کے ضمیر نہ جاگنا لمحہ فکریہ :اشرف جلالی

Oct 28, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد الغوث الاعظم میں علماء، مشائخ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت مفتی محمد بشیر القادری نے کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتوں کے باوجود مسلم حکمرانوں کے ضمیر کا نہ جاگنا لمحہ فکریہ ہے۔ اسرائیلی اپنے مذموم عزائم اور سازشوں کا جال دن بدن پھیلاتا جا رہا ہے۔ غلط کو غلط کہنا علما و مشائخ کی ذمہ داری اور حق کے ساتھ کھڑا ہو جانا فرض ہے۔ دنیاوی مفادات اور مال و اسباب کے ذریعے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی صداؤں کو دبایا جارہا ہے۔ عوام کے مقابلے میں علماء کو معاشرے میں پھیلنے والی اعتقادی اور عملی بیماریوں کا ادراک جلد ہو جاتا ہے۔ چنانچہ علما ء کی ڈیوٹی ہے کہ ہر بداعتقادی اور ہر بدعملی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ اگر علما و مشائخ معاشرے میں اپنا کردار فعال طریقے سے ادا کرتے ہیں تو پھر پوری قوم بگاڑ سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ کنونشن میں مفتی محمد فاروق مدنی، شیخ الحدیث محمد عمر حیات باروی، مفتی محمد عثمان جلالی، مفتی منیر احمد سعدی، مولانا محمد ناظم عباس جلالی، مفتی محمد عباس علی اقدری سمیت کثیر تعداد میں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں