لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے خاتون سمیت 2افراد کو قتل کردیا جبکہ گاڑی میں موجود بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او باٹا پور عبدالواحد کے مطابق باٹا پور میں دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 40سالہ اشفاق اور 38سالہ مقدس کو قتل کر دیا جبکہ گاڑی میں موجود بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں لاشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے میں منتقل کردی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوہرے قتل کی یہ واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ ملزمان نے پہلے نہر کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی۔ اس دوران ڈرائیور گاڑی بھگا کر بچ نکلنے میں کامیاب ہوا تو ملزمان نے پیچھا کرکے دوبارہ گاڑی پر فائرنگ کی۔ حملہ آور اپنی گاڑی سے 5منٹ تک فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے، جلد ملزموں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔