کچے میںپنجاب پولیس کا خفیہ اطلاع پر آپریشن  ،  2  خطرناک ڈاکو ہلاک

لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے کریمنلز کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 02 خطرناک ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے۔ کچے جمال دین والی پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو بھونگ کے علاقے میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل اکبر گوپانگ کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ ہلاک ڈاکوؤں نے اے ایس آئی امان اللہ ابرو کو بھی فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔ ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف ضلع رحیم یار خان اور سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مقدمات درج تھے۔ ہلاک شدہ ڈاکو ڈکیتی، راہزنی، اغوا برائے تاوان، پولیس اہلکاروں کی شہادت اور فائرنگ سمیت متعدد وارداتوں میں پنجاب اور سندھ پولیس کو مطلوب تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس کو کچے جمال دین والی آم کے باغات میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف فوری آپریشن کیا۔ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے فوری جوابی رسپانس اور دو طرفہ فائرنگ رکنے پر 02 ڈاکوؤں کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت خطرناک کچے کے کریمنلز بدلہ منگلانی اور قاسم چاچڑ کے ناموں سے ہوگئی۔ ڈاکوؤں کی نعشیں ہسپتال منتقل کر کے مزید کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضہ سے بھاری اسلحہ، کلاشنکوف، ایمونیشن، چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن