لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جارجیت قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں امن کیلئے کردار ادا کرے۔ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حالیہ اقدام پر شدید تشویش ہے۔ اسرائیل کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیلی کارروائی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل غزہ کے غیور مسلمانوں اور بھارت مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد اپنی عسکری طاقت سے دبا نہیں سکتا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیلی جارحیت اور مجرمانہ رویئے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب 77 سال پہلے بھارتی افواج ناجائز طور پر کشمیر پر قابض ہوئیں جس کے بعد سے کشمیری عوام مسلسل اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اسرائیل اور بھارت کی جارحیت قابل مذمت، اقوام متحدہ کردار ادا کرے: راغب نعیمی
Oct 28, 2024