کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں: سیکرٹری اطلاعات پنجاب، یوم سیاہ پر تقریب، ریلی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) الحمرا ہال میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب ہوئی۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت طاہر رضا ہمدانی مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ غلام صغیر شاہد اور ایڈیشنل سیکرٹری کلچر اویس نواز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی کے حوالے سے ملی نغمے پیش کیے گئے اور شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے لیے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ طاہر رضا ہمدانی نے کشمیر میں ظلم و جبر کی داستان پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا "آج ہم سب کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، تاکہ بھارت کی جانب سے 77 سال قبل اٹھائے گئے دھوکے پر مبنی قدم کی شدید مذمت کی جا سکے، کیونکہ اس دن کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب غلام صغیر شاہد نے کہا، "ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا تک یہ پیغام پہنچائیں کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو ختم ہونا چاہیے۔ پاکستانی قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری اویس نواز نے کہا کہ "ہر سال ہم اسی جذبے کے ساتھ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں۔ ہم اپنے عزم کو دنیا بھر میں پھیلانے کی کوشش کرتے رہیں گے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر الحمراء ہال سے گورنر ہاؤس تک ریلی بھی نکالی گئی۔ جس میں شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے جبکہ مختلف بینرز پر کشمیر کی آزادی کے لیے نعرے درج تھے۔

ای پیپر دی نیشن