حضرو (نمائندہ نوائے وقت) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ 77 برس گزر جانے کے بعد بھی کشمیریوں کو آزادی نہیں مل سکی۔ پوری پاکستانی قوم معاشرتی، سیاسی، سفارتی محاذ پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عالم اسلام کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف سراپہ احتجاج ہے لیکن بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیر سے غیر قانونی تسلط ختم کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے تاکہ وہ آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔ 27اکتوبر کو بھارت نے ظالمانہ طریقے سے کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کیں اور ناجائز قبضہ کرلیا۔ اس کے بعد ان پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنا شروع کر دیئے۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چاہئے۔