لاہور(آئی این پی ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ موٹروے ایمبولینس سروس جلد متعارف کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں انٹر نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی جہاں سپیکر پنجاب اسمبلی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ملک محمد احمد خان نے نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس تقریب میں بین الاقوامی ریسکیو چیلنج اور اقوام متحدہ کی INSARAG مشق میں 23 ممالک کے 274 مندوبین کے علاوہ وزیربرائے ایمرجنسی سروسزخواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر، اقوام متحدہ کے INSARAG سیکرٹری ونسٹن چانگ اور امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز بھی موجود تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے بین الاقوامی ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمپئن ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کی علامت قرار دیا، سپیکر ملک محمد احمد خان نے ملائیشیا، چین، کوریا، فلپائن، تھائی لینڈ، برطانیہ، نیپال اور پاکستان کی ٹیموں کی شرکت کو سراہا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی امید کا مرکز ہے جو ہزاروں ریسکیو اہلکاروں کی تربیت کر چکی ہے، وزیرِاعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے، وزیر اعلی کی جانب سے ائر ایمبولینس سروس کے بعد موٹر وے ایمبولینس سروس بھی جلد متعارف کی جائے گی۔
موٹروے ایمبولینس سروس جلد متعارف کی جائے گی، سپیکر پنجاب اسمبلی
Oct 28, 2024