غزہ: اسرائیلی فوج کے بدترین حملوں میں 58 فلسطینی اور لبنان میں 5 افراد شہید

Oct 28, 2024

غزہ (آئی این پی ) اسرائیلی فوج   کے غزہ کے علاقے بیت الہیہ میں  رہائشی عمارتوں پر حملوں کے نتیجے میں مزید 58 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ  لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں  دوسرے ماہ  میں داخل ہوگئیں، اسرائیل کے جنوب میں دیہات  پر درجنوں حملوں میں  5 افرا دشہید ہو گئے  ، حزب اللہ نے راکٹوں کے ذریعے اس کا جواب دیا ہے،جنوبی لبنان اور شمالی غزہ میں  24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے13 اہلکار ہلاک اور 60 سے زائد فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے،  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ جنگ سے تباہ ہونے والی شمالی غزہ کی پٹی میں صورتحال تباہ کن ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت الہیہ میں 6 رہائشی عمارتوں پر حملے کرکے 45 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ رپورٹ کیمطابق دو روز تک غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر قبضہ رکھنے کے بعد اسرائیلی فوجیں اب اسپتال سے نکل گئی ہیں مگر انخلا کے وقت کئی مریضوں کو اپنے ساتھ لے گئیں جبکہ اسپتال سے 8 فلسطینیوں کی تشدد زدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔  اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں کمال عدوان اسپتال پر بھی حملہ کیا، جس سے اسپتال کے جنریٹر اور آکسیجن پلانٹ تباہ ہو گئے۔ آکسیجن نہ ہونے سے آئی سی یو میں 2 بچے انتقال کر گئے۔ دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں  دوسرے مہینے میں داخل ہوگئی ہیں۔  اسرائیل نے جنوب میں دیہاتوں پر درجنوں حملے کیے اور حزب اللہ نے راکٹوں کے ذریعے اس کا جواب دیا ۔عرب میڈیا کے مطابق  اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے انصار پر 4 اور المجادل اور بافلیہ قصبوں پر دو حملے کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حملوں میں شہر کے جنوب میں تفاحتا میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایک اسرائیلی طیارے نے سرحدی شہروں پر تھرمل غبارے یا آتش گیر غبارے چھوڑ دئیے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے جواب میں شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں کی طرف میزائل داغے جن میں سے 30 بالائی الجلیل تک پہنچ گئے۔ العربیہ اور الحدث ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہاں ہونے والی لڑائیوں میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں کم از کم پانچ رہائشی علاقوں پر بمباری کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں