تہران+ نیویارک (این این آئی) ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس آج (پیر کو) طلب کر لیا گیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو ایران نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے اسرائیل کو جواب دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے یکم اکتوبر کے حملوں کے مقابلے میں اسرائیل نے ناکام حملے کیے۔ جبکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں پر پہلا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملوں کا اثر بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ اسے کم دکھانے کی کوشش بھی غلط ہو گی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صہیونی حملوں میں شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونی فوج ہماری طاقت، صلاحیت اور ایرانی قوم کے عزم کو نہیں جانتی۔ آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہمیں ضرور انہیں سمجھانا ہو گا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیلی اور ایرانی وزراء خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے فریقین کو جنگ سے دور رہنے پر زور دیا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں علاقائی جنگ تباہ کن ثابت ہو گی۔ جنگ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔